پاکستان کبڈی ورلڈ کپ جیت کر عالمی چیمپئن بن گیا، بھارتی ٹیم چاروں شانے چت

Published on February 17, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 259)      No Comments

لاہور: (یواین پی) پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔اتوار کو کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان معرکہ آرائی ہوئی۔ دونوں جانب سے سخت زور آزمائی کی گئی تاہم پاکستانی پہلوانوں کا پلہ بھاری رہا۔انہوں نے بھارتی پہلوانوں کو چاروں شانے چت کر دیا۔ کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل تک پاکستان نے مزید پوائنٹس حاصل کیے جس پر پاکستان کا سکور 43 اور بھارت کا 39 ہوگیا۔پاکستان کو پوائنٹس ملنے پر بھارتی پہلوان رونے لگے اور محض ایک منٹ رہ جانے پر بھارتی آفیشلز میدان میں آگئے اور اپنے کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنے کا کہہ دیا۔بھارتی ٹیم نے ایک پوائنٹ پر اعتراض کیا اور کھیل کو گندا کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ورلڈ کپ 2014ء اور ایشیا کپ 2016ء کی تاریخ دہرا دی، تاہم بھارتی اعتراضات کام نہ آسکے۔ کھیل ختم ہونے تک پاکستان کا سکور 43 اور بھارت کا سکور 41 رہا۔چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قومی کبڈی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہینتی پیغام میں صادق سنجرانی نے کہا کہ قومی کبڈی ٹیم نے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔ امید ہے ٹیم آئندہ بھی ایسی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ پاکستان کھیلوں کے لیے پرامن ملک ہے۔ امید ہے دیگر غیر ملکی ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes