لاہور(یواین پی) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے پاکستان سپرلیگ کے آغاز پر تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ایس ایل کھیلنے والی ہر ٹیم میری فیورٹ ٹیم ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اورملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے شاندار آغاز پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہاکہ میچوں میں ٹیموں کی ہار جیت سے قطع نظر، یہ پرامن پاکستان کی فتح ہے ، شائقین کرکٹ کو بہترین تفریح کا موقع ملے گا اور کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کر نے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو نے دنیا کوایک بار پھر پیغام دیاہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے، پاکستان کے عوام کھیلوں خصوصاً کرکٹ سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان آ نے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے ویلکم کہتے ہیں اور پاکستانی عوام پی ایس ایل کے مقابلے دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں۔