اسلام آباد(یواین پی) وزیراعظم عمران خان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لئے ڈٹ گئے۔ انہوں نے قیمتیں کم نہ کرنے کی ایڈوائس ماننے سے بھی انکار کر دیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور وزارت خزانہ چاہتا تھا پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھائی جائیں۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کا دباؤ مسترد کر دیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لئے براہ راست ہدایات دیں۔ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدوں کے نتیجے میں منی بجٹ کا خدشہ تھا۔ وزیراعظم کی ذاتی مداخلت سے منی بجٹ نہیں آنے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت پہلے ہی غریب کو لوٹ چکی ہے، غریب کا مزید استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی، بجلی اور گیس کی قیمتیں بھی کم ہوں گی، قیمتوں میں کمی کے لئے جس حد تک جانا ہو گا جاؤں گا، ملک سے مہنگائی کم کر کے دکھاوں گا۔