کراچی(یواین پی) صوبائی محکمہ سندھ نے کراچی میں کرونا وائرس کے مزید کیسوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے سندھ میں اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہو چکی ہے۔ادھر وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت کرونا وائرس پر ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آج ہونے والے پانچوں افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے کیس کے 8 متعلقہ افراد کے بھی ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 19 افراد کے ٹیسٹ ہونا باقی ہیں جبکہ تین کیسز میں سے دو کی حالت بہتر ہوئی ہے۔اجلاس کو آگاہی دی گئی کہ سندھ میں 135 ٹیسٹ ہو چکے ہیں جن میں سے چار کیس مثبت آئے اور ایک مریض صحت یاب ہو کر گھر چلا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں کو ایڈوائزری جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ کوئی بھی مشتبہ شخص سامنے آئے تو فوری محکمہ صحت کو رپورٹ کیا جائے اور بیرون ملک سے کراچی آنے والوں کی سکریننگ کی جائے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف ممالک سے آنے والے 3630 مسافروں کو سکرین کیا گیا ہے جبکہ ایران سے آنے والے 230 افراد کو گھروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔