ہنگو (یواین پی) ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید دہشت گردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہاں ڈیوٹی پر موجود اہلکار شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے علاقے ہنگو میں دہشت گردوں کی جانب سے ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے بدھ کی شب کو رات کی تاریخی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہنگو میں واقع پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔اس دوران دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس حملے اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں چیک پوسٹ پر موجود 2 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔ دہشت گرد چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔