اسلام آباد(یواین پی) اس وقت صوبہ سندھ میں 245، بلوچستان میں 76، خیبر پختونخوا میں 23، گلگت بلتستان میں 23، آزاد کشمیر میں ایک، پنجاب میں 78 اور اسلام آباد میں کرونا وائرس سے متاثرہ 2 مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے کئے گئے ایک ٹویٹ کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔ کوئٹہ قرنطینہ میں مقیم 352 افراد کے ٹیسٹ رپورٹ سامنے آ گئی ہے جن میں سے 60 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ یوں بلوچستان میں مجموعی طور 76 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔مجموعی طور پر کوئٹہ قرنطینہ سینٹر کے 29 جبکہ تفتان قرنطینہ سینٹر کے 16 کرونا وائرس کیسز شامل ہیں۔ نئے آنے والے کیسوں کو بھی کوئٹہ کے فاطمہ جناح اور شیخ زید ہسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔متاثرہ مریضوں کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ دیگر افراد کو دوبارہ قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں 24 گھنٹوں کے بعد ان کے دوبارہ ٹسٹ لئے جائیں گے۔ادھر کراچی میں مزید 28 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 245 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو بتایا کہ کراچی میں 65 مریض آئیسولیشن میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 88 لوگ غیر قانونی طریقے سے ایران سے بلوچستان آئے، انھیں لاڑکانہ کے قرنطینہ سینٹر پہنچا دیا گیا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اطلاع ملی ہے کہ لیاری میں غیر قانونی طور پر لوگ آئے ہیں، انہیں ٹریس کیا جا رہا ہے۔ اگر وہ سن رہے ہیں تو خود میڈیکل ٹیم سے رابطہ کریں۔ کراچی کے ایک شخص نے لاپرواہی کی وجہ سے گھر کے تمام افراد کو وائرس سے متاثر کیا۔ ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کا واحد علاج خود کو گھر تک محدود کرنا ہے۔ سب کو اس پر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اعلی سطح اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 213 ہو چکی ہے۔