ریاض (یواین پی) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی، آج اتوار کے روز119 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 511 ہوگئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کے 119 نئے کیسز کی تصدیق کردی ہے۔ ان نئے کیسز میں 72 کا تعلق مکہ مکرمہ، 34 کا ریاض ،4 دمام، 4 قطیف، 3 کا تعلق الاھساء، 3 الخوبر، ایک کا تعلق ظہران اور ایک کا القصیم سے ہے۔ترجمان نے کہا کہ نئے کورونا مریضوں کو تشخیص کے بعد الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابھی تک سعودی عرب میں 23 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ اسی طرح لوگوں میں وائرس سے بچاؤ کی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، تاکہ لوگ گھروں میں ہی مقیم رہیں اور سماجی رابطوں سے گریز کریں۔