اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیر مذہبی امور نے حج انتظامات بارے وضاحتی بیان میں کہاہے کہ سوشل میڈیا پر حج روکنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حج انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں،ہم سعودی وزارت حج و عمرہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ سعودی عرب نے حج انتظامات روکنے سے متعلق کوئی حکم جاری نہیں کیا،سعودی حکام ایسے اعلان سے پہلے بڑے مسلم ممالک سے مشاورت کرے گی۔وزیر مذہبی امور نے کہاکہ سعودی وزارت حج نے ٹرانسپورٹ اور ہوٹل/بلڈنگ حتمی معاہدہ فی الحال موخر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ فی الحال حج نہ ہونے کی بات قبل از وقت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی سے امید ہے کہ حج کے ایام تک صورت حال بہتر ہو جائے گی۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ مصدقہ اطلاعات کیلئے وزارت کے آفیشل سوشل میڈیا کو فالو کریں۔