بیجنگ: (یواین پی) کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کیے گئے شہر ووہان کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے جس کے باعث زندگی لوٹ آئی ہے اور ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد آبادی کا شہر ووہان میں سرگرمیاں بحال ہونے لگی ہیں۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس نے دنیا بھر میں اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، اس بیماری کا آغاز چینی شہر ووہان سے ہوا، جب ووہان میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونا شروع ہوا تو حکومت نے ووہان کو لاک ڈاؤن کر دیا تھا جس کے باعث اب وہاں کورونا کے کیسز کی تعداد گھٹ کر نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی حکومت نے ووہان شہر کو سرگرمیوں کے لیے جزوی طور پر بحال کر دیا ہے اور لاک ڈاؤن کے بعد سے پہلی ٹرین کو ووہان میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے۔میڈیا رپوٹس کے مطابق چینی حکام نے ووہان کو داخلے کے لیے کھولا ہے، شہر سے باہر جانے پر اب بھی پابندی عائد ہے۔چینی میڈیا رپرٹس کے مطابق ووہان میں موجود لوگوں کو شہر سے باہر جانے کی اجازت 8 اپریل کو دیئے جانے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق ووہان ریلوے اسٹیشن پر عملہ اب بھی حفاظتی لباس پہنے ہوئے ہے اور ووہان سے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن بھی 8 اپریل کو بحال کیے جانے کا امکان ہے۔