پشاور (یواین پی) حکومت پاکستان نے کورونا وائرس پھیلاؤ روکنے کیلئے ائیرپورٹس پر مزید سخت اقدامات کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ غیر ممالک سے آنیوالے جہاز کے عملے اور تمام مسافروں کو 24 گھنٹے کیلئے قرنطینہ میں رکھا جائیگا۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق آئندہ بین الاقوامی ائیرلائن سے ائیر پورٹ اترنے والے تمام افراد کی پہلے کی طرح سکریننگ کی جائے گی، جس کے بعد جہاز کے عملے سمیت تمام مسافروں کو 24 گھنٹوں کیلئے قرنطینہ میں رکھا جائیگا24 گھنٹوں کے بعد سب لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کیلئے نمونے لئے جائیں گے۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر متعلقہ شخص کو قرنطینہ بھیج دیا جائیگا لیکن جن لوگوں کے ٹیسٹ منفی آئیں گے ان کو گھر جانے دیا جائیگا اور انہیں احتیاط کرنے کی ہدایت کی جائیگی۔اس کے علاوہ جہاز کے تمام عملے اور مسافروں کا ڈیٹا اور موبائل نمبر بھی محفوظ کئے جائیں گے تاکہ مستقبل میں کورونا کے حوالے سے مسائل کی صورت میں ان سے رابطہ کیا جا سکے۔