واشنگٹن (یواین پی) امریکہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباََ 20 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد امریکہ میں مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد 7 لاکھ کے قریب جا پہنچی ہےغیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں اس وقت 6 لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وبا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 52 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔