میڈرڈ (یواین پی) اسپین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔ کورونا وباء کے بعد 14 مارچ سے اب تک لاک ڈاؤن کا شکار اسپین مہلک وائرس سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کرنے والا تیسرا ملک بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسپین میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد 20 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین میں اس وقت مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 20043 تک جا پہنچی ہے۔ کورونا کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کرنے والے ممالک میں امریکہ ابھی بھی سر فہرست ہے جہاں مجموعی طور 38 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر اٹلی آتا ہے جہاں وائرس نے 23 ہزار 227 جانیں لی ہیں۔اسپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اسپین میں مہلک کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 91 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اسپین کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ اس ضمن میں امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں ملک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 36 ہزار سے بھی زائد ہے۔