لاہور: (یواین پی) وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر صنعت اسلم اقبال نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی۔دونوں رہنماؤں میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اور رمضان پیکیج کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کا مفاد سب سے پہلے عزیز ہے۔ میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔