واشنگٹن: (یواین پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر چین کورونا وائرس کا ذمہ دار نکلا تو اسے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو چین میں ہی روکا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور اب پوری دنیا کو اس کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے چین کی جانب سے کورونا متاثرین کے جاری کردہ اعدادوشمار پر بھی شکوک کا اظہار کیا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر چینی حکام کو علم نہیں تھا تو یہ ایک غلطی تھی لیکن اگر انہیں معلوم تھا تو وہ ذمہ دار ہیں اور ان کو نتائج کا سامنا کرنا چاہیے۔