سندھ حکومت کا وزیراعظم ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ

Published on April 20, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 166)      No Comments

کراچی: (یواین پی) سندھ حکومت نے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کے خط سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا اس معاملے پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سندہ ریلیف آپریشن کوغیر سیاسی رکھا گیا ہے۔ مستحقین تک راشن کی ترسیل شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا ورکر ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں، ٹائیگر فورس سیاسی ورکروں پر مشتمل ہے۔ تمام کمیٹیاں، این جی اوز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز آپریشن کا حصہ ہیں۔صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی فورس یا ورکر کو ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ ڈپٹی کمشنرز کو اس قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ کسی بھی پارٹی کی سیاسی فورس ہو، اسے شامل نہیں کریں گے۔ ٹائیگر فورس میں سیاسی ورکرز ہیں۔ جماعت اسلامی، (ن) لیگ والے بھی کہیں گے ہمارے ورکرز کو شامل کیا جائے۔امتیاز شیخ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس اتنے ورکرز ہیں، کسی پارٹی کے ورکرز کی ضرورت نہیں، یہ وہی ڈپٹی کمشنر ہیں جن کو وزیراعظم استعمال کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا تھا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو آئندہ ہفتے سے ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے کے لئے وزیراعظم آفس نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ اس مراسلے میں متعلقہ حکومتی اداروں اور انتظامی افسران کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے ہدایات ملتے ہی ٹائیگر فورس کو متحرک کیا جائے گا۔ صوبائی حکومتیں انتظامات مکمل کرکے فورس کو سٹینڈ بائی پر رکھیں۔ ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کے لئے دیا گیا وقت ختم ہونے کے بعد یہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog