کوئٹہ(یو این پی)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ كورونا وائرس كی وجہ سے جو مزدور بے روزگاری كا سامنا كر رہے ہیں حكومت ان كی مشكلات كا ازالہ كرے گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام كمال خان نے یكم مئی پر مزدوروں كے عالمی دن كے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں كہا ہے كہ اس دن كو منانے كا مقصد مزدوروں كے لئے حق كی آواز بلند كرنا ہے، مزدور كسی بھی معاشرے اور ملک كی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں كلیدی حیثیت ركھتے ہیں، جن ممالک نے صنعت كے میدان میں خاطر خواہ ترقی كی ان كی اس ترقی میں ان كے مزدوروں كے تعمیری كردار كو یقینا نظرانداز نہیں كیا جاسكتا۔جام کمال خان نے کہا کہ ہمیں بھی ہنر مند ہیومن ریسورس اور بھرپور افرادی قوت ترقی كی راہ پر گامزن كرے گی، جو مزدور كسی فنی مہارت سے آشنا ہوتے ہیں وہ معاشرے كی تعمیر و ترقی كا جزو لازم بن جاتے ہیںوزیراعلیٰ نے كہا كہ حكومت كورونا وائرس كی موجودہ صورتحال اور لاک ڈاؤن سے مزدور طبقہ كو درپیش معاشی مسائل سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہے بلكہ انہیں ریلیف دینے كے لیے بھرپور اقدامات بھی كررہی ہے جن میں مزدورں اور محنت كشوں كو راشن اور روٹی كی فراہمی احساس پروگرام كے تحت رقوم اور صوبائی حكومت كے تحت چھوٹے پیمانے پر بلاسود قرضوں كی فراہمی كا پروگرام بھی شامل ہے۔انہوں نے كہا ہے كہ موجودہ صوبائی حكومت نہ صرف مزدوروں كے حقوق كی مؤثر ادائیگی میں كوشاں ہے بلكہ محنت كشوں كا استحصال كرنے والوں كو كٹہرے میں بھی لائے گی اور تمام محنت كشوں كے لیے یكساں مواقع اور ضروریات كی فراہمی كو ممكن بنائے گی، رنگ و نسل كو بنیاد بنا كر كسی بھی تفریق كی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔جام کمال خان نے كہا كہ حكومت تكنیكی تعلیم كی اہمیت سے بھی واقف ہے، صوبہ بھر كے پولی ٹیكنیک اداروں كو جدید خطوط پر استوار كیا جا رہا ہے جہاں جدید دنیا كے تقاضوں كو مدنظر ركھتے ہوئے نوجوانوں كو اعلی فنی مہارت سے آشنا كر كے ان كی صلاحیتوں كو مزید نكھارنا ہے كیونكہ دنیا میں تكنیكی مہارت سے آراستہ افرادی قوت كی طلب بہت زیادہ ہے۔وزیراعلیٰ نے كہا كہ صوبائی حكومت ایسی لیبر پالیسی پر یقین ركھتی ہے جس میں تمام مزدوروں اور محنت كشوں كے جائز حقوق كا تحفظ یقینی ہو سكے وہ تمام لیبر یونین جو مزدوروں كے حقوق اور جدوجہد پر یقین ركھتی ہیں حكومت ان سے تعاون جاری ركھے گی، كورونا وائرس كی وجہ سے جو مزدور بے روزگاری كا سامنا كر رہے ہیں حكومت ان كے مشكلات كا ازالہ بھی كرے گی تاكہ كہ ایک فعال، مثبت اور تعمیری معاشرے كی تشكیل ہوسكے جہاں تمام انسانوں كے لئے یكساں ضروریات زندگی دستیاب ہوں اور معاشرے میں تخریبی سوچ پروان نہ چڑھ سكے۔