لاہور: (یواین پی) پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آئرلینڈ نے جولائی میں شیڈول 2 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں بورڈز کی جانب سے یہ مشترکہ فیصلہ آئرش حکومت کے 10 اگست سے قبل بند دروازوں کے پیچھے میچوں کا انعقاد ممکن نہ ہونے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔ان دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود ہوگی۔ دونوں ٹیموں کو 12 اور 14 جولائی کو ڈبلن میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر دورہ آئرلینڈ کے التواء پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسے وینیو پر کرکٹ کھیلنے کے منتظر تھے جہاں 2018 میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف حریف ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔ وہ ایک ایسے ملک میں بھی کرکٹ کھیلنے کے منتظر تھے جہاں مداحوں نے ہمیشہ پاکستان کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان مشکل حالات میں کرکٹ آئرلینڈ کے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہوئے اس کی توثیق کرتے ہیں، ہم سب تسلیم کرتے ہیں کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور مداحوں کی صحت اور حفاظت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔ ان حالات میں تمام ممالک کے لیے اپنی ہوم سیریز کا انعقاد کرنا مشکل ہے اور اس دوران ہم سب کو بطور کرکٹ فیملی مل کر کام کرنا ہوگا،چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی ان مشکل حالات میں کرکٹ آئرلینڈ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہم حالات معمول پر آتے ہی ایک بار پھر دورہ آئرلینڈ کے منتظر ہوں گے۔کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو ویرن ڈاٹرم کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو آئرش حکومت کے مرحلہ وار لاک ڈاؤن اٹھانےکے فیصلے کے بعد ان تاریخوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنا ممکن نہیں رہا۔