کراچی(یو این پی)سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کو بجالاتے ہوئے صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کر مارکیٹیں کھولنے پر پابندی کو ختم کر دیا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنے کے پابند ہیں اس لیے اب صوبے بھر میں ہفتے اور اتوار کو بازار کھولنے کی پابندی کو ختم کیا جا رہے جس کے بعد سندھ میں بھی پورا ہفتہ مارکیٹیں کھلیں گی تاہم دکانداروں کو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ خریداری کے لیے آنے والی خواتین اپنے ہمراہ چند ماہ کے بچوں کو بھی لا رہی ہیں اسی طرح بزرگ بھی بغیر ماسک لگائے مارکیٹوں کا رخ کررہے ہیں۔ یہ الارمنگ صورت حال ہیں اور کاروباوی حضرات کو ان چیزوں کو دیکھنا ہوگا۔صوبائی وزیر نے دکانداروں سے درخواست کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے گاہکوں کو دکان کے اندر داخل ہونے نہ دیں۔ سندھ حکومت نے ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سر بمہر کرنے والی دکانوں کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ آج چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سندھ میں ہفتہ اور اتوار کو بازار کھولنے پر پابندی کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔