پی آئی اے طیارہ حادثے پر ملکی سیاسی قیادت غمزدہ

Published on May 23, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 163)      No Comments

لاہور: (یواین پی) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا لاہور سے کراچی آنے والا مسافر طیارہ اے 320 ایئربس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، ملکی سیاسی قیادت نے حادثے پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جہاز کے حادثے پر افسوس ہوا، میری دلی ہمدردی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ قیمتی جانوں کا نقصان مجھ سمیت پوری قوم کے لیے باعث صدمہ ہے۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو جانوں کو بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے، اور یہ بھی ہدایت کی ہے کہ حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لئے اعلیٰ سطح تحقیقات کی جائیں ۔سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت جاں بحق افراد لواحقین کی ہر ممکن اخلاقی امداد کرے۔ پارٹی عہدیداران اور وزرا متاثرہ خاندانوں سے رابطہ اورہر ممکن مدد کریں۔وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں ہونے والے پی آئی اے مسافر طیارے کے حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ جبکہ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ریلیف، ریسکیو اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کی اور وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔
دریں اثناء سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ پی آئی اے طیارے حادثہ کا سن کر افسوس ہوا، میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک کیساتھ رابطے میں ہوں، وہ کراچی روانہ ہو چکے ہیں جہاں پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ اس سانحے کی فوری تحقیقات کروائی جائیں گی، میری دعائیں اورتمام ترہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog