لاہور: (یواین پی) سابق کپتان وسیم اکرم، شعیب ملک، شاہد آفریدی اور دیگر کھلاڑیوں نے طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کااظہار کیا ہے۔کراچی میں ملیر کی ماڈل کالونی میں طیارہ گرنے کے واقعے پر وسیم اکرم نے ٹویٹر پیغام میں اسے قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایسا واقعہ دیکھوں گا، میراخاندان اور میں طیارہ میں سوار افراد اور ان گھروں کے رہائشیوں کے زندہ بچ جانے کی دعا کرتے ہیں،جن پر طیارہ گراہے۔شاہد آفریدی نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعامغفرت کی۔شعیب ملک کاکہناتھا قوم ایک انتہائی برے وقت میں ایک اور المناک صورتحال کا سامنا کررہی ہے۔ لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعاکرتے ہیں۔ان کی اہلیہ اور ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا۔ جاں بحق افراد کے پسماندگان کا اللہ ہمت عطافرمائے۔سپیڈاسٹار شعیب اختر نے کہا کہ حادثے کاسن کر انتہائی دکھ ہوا، اللہ مرحومین کا اپنے جواررحمت میں جگہ دے۔سابق کپتان محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کااظہارکیا۔