ممبئی(یو این پی) کراچی طیارہ حادثے پر جہاں پورا پاکستان سوگوار ہے وہیں ترک فنکاروں انجن التان دوزیاتن اور اسریٰ بلجک سمیت بھارتی فنکاروں نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ میں ارطغرل کا کردار نبھانے والے ادکار انجن التان دوزیاتن نے انسٹاگرام پر گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور پاکستان کے لیے دعا بھی کی۔ڈرامے میں ارطغرل کی بیوی حلیمہ سلطان کا کردارادا کرنے والی ترک اداکارہ اسریٰ بلجک بھی اس موقع پر پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا پیارے پاکستان، آج آپ کے نقصان پر میری انتہائی مخلصانہ تعزیت قبول کریں۔ تمام مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین اور زخمیوں کے لیے دعائیں۔ترک اداکاروں کے علاوہ بالی ووڈ اداکار انیل کپور، سونم کپور،جاوید اختر اور انوپم کھیر نے بھی گزشتہ روزکراچی میں تباہ ہونے والے خوفناک حادثے پر غم کا اظہار اور اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوانے والے لوگوں کے لیے اظہار تعزیت کیا ہے۔بھارتی اداکار انیل کپور نے ٹوئٹر پر کراچی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ان تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت جنہوں نے حادثے کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو کھودیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔