لندن(یواین پی) برطانوی کرکٹر بین سٹوکس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو بزدل قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت ورلڈکپ 2019 کے ناک آؤٹ مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ نہیں کرنا چاہتا تھا اس لئے انگلینڈ سے جان بوجھ کر میچ ہار گیا۔بین سٹوکس نے اپنی کتاب آن فائر میں انکشاف کیا کہ بھارتی کھلاڑیوں، خاص کر دھونی کی اپروچ پر وہ حیرت زدہ رہ گئے، دھونی کی ہدف حاصل کرنے کی خواہش کہیں نظر نہیں آئی، بھارت میچ با آسانی جیت سکتا تھا اگر دھونی کچھ باؤنڈریز لگا دیتے مگر دھونی کی توجہ سنگل رنز بنانے پر رہی، فتح آخری 12 گیندوں پر بھی ممکن تھی مگر صاف لگ رہا تھا بھارت جیتنا ہیں نہیں چاہتا تھا۔ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے ہیرو مزید لکھتے ہیں کہ دھونی ہی نہیں، ویرات کوہلی اور روہت شرما بھی جس طرح کھیلے وہ عجیب اور پر اسرار تھا، کوہلی اور شرما نے ہماری ٹیم پر پریشر ہی نہیں بڑھایا، سکور کی رفتار کو سست کر دیا اور کھیل کو با آسانی ہمارے ہاتھ میں دے دیا۔ہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان آج تک بھارت سے کوئی میچ نہیں جیت سکا ہے اس کے باوجود پاکستان کو اپنے ہمسایہ ملک پر ہمیشہ نفسیاتی برتری حاصل رہی ہے۔ بین سٹوکس کے اس انکشاف نے کرکٹ شائقین میں ہلچل مچا دی ہے جو سوشل میڈیا پر بھرپور تبصروں میں مصروف ہیں۔