لاہور (یواین پی) عیدالفطر کے تین روز کے دوران پنجاب میں ریکارڈ چار ہزار چالیس ٹریفک حادثات میں 36 افراد جاں بحق اور چار ہزار آٹھ سو ساٹھ زخمی ہوئے۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ سرفہرست رہے۔ شہریوں نے ایمرجنسی پر جعلی کالز کے ریکارڈ بھی توڑ ڈالے۔تفصیل کے مطابق عیدالفطر کے تین روز میں پنجاب میں ٹریفک حادثات نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ چار ہزار چالیس حادثات نے 36 افراد کی زندگیاں نگل لیں جبکہ چار ہزار آٹھ سو ساٹھ زخمی ہوئے۔ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق عید کے پہلے روز چودہ سو انہتر، دوسرے روز تیرہ سو انچاس جبکہ تیسرے روز بارہ سو بائیس حادثات پیش آئے۔ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکاروں نے تئیس سو دو زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھروں کو بھیج دیا جبکہ پچیس سو اٹھاون شدید زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔لاہور میں سب سے زیادہ 622 ٹریفک حادثات ہوئے، فیصل آباد میں تین سو ساٹھ، ملتان میں تین سو پانچ اور راولپنڈی میں ایک سو چودہ حادثات رپورٹ ہوئے، اس کے علاوہ آگ لگنے کے 240 واقعات بھی پیش آئے۔شہریوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ بھی سامنے آیا۔ ایمرجنسی پر تین روز میں دو لاکھ سات ہزار 140 کالز کی گئیں جنمیں سے صرف دس ہزار اصلی باقی جعلی یا غیر ضروری کاموں کے لئے کی گئیں۔