کوئٹہ (یواین پی) محکمہ صحت بلوچستان نے حکومت کو کرفیو نافذ کرنے کی سفارش کردی، صوبے میں تیزی سے وائرس پھیل رہا ہے، ہسپتالوں میں او پی ڈیز بھی محدود پیمانے پر کھولی جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین خان جمالدینی کی زیر صدارت طبی ماہرین اور ڈاکٹرز کا اجلاس ہوا۔ جس میں کورونا وائرس پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں لوگوں کی طبی مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا اور عوام کی مشکلات کے پیش نظر ہسپتالوں میں محدود سطح پر او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکٹیو سرجری اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے وارڈ میں داخلے پر بدستور پابندی برقرار رہے گی۔ جون میں تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ جس کے بعد مکمل اوپی ڈیز کھولنے کا فیصلہ کیا جئاے گا۔اسی طرح مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اسٹوڈنٹس اور آن کال پروفیسر شعبہ حادثات میں مریضوں کا معائنہ کریں گے۔ واضح رہے بلوچستان میں کورونا کے مزید 80 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کل کیسز کی تعداد 3616 ہوگئی ہے ،اب تک 41 اموات ہوچکی ہیں اس کے علاوہ صوبے می کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 1289 ہے۔اسی طرح ملک میں کورونا سے مزید 44 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1283 ہو گئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 62689 تک پہنچ گئی ہے۔20231 مریض صحتیاب ہوگئے۔ ملک بھر سے کورونا کے مزید 2615 کیسز اور 44 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 1103 کیسز 16 ہلاکتیں، پنجاب 919 کیسز 19 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 359 کیسز اور 7 ہلاکتیں، بلوچستان 80 کیسز، کشمیر 5 کیسز ایک ہلاکت ، اسلام آباد 136 کیسز ایک ہلاکت ، گلگت سے 13 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔