لاہور(یواین پی) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے اپنی ٹویٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ نااہل حکومت غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے۔ حکومت کو وبا سے نمٹنے کی بجائے نواز شریف کی فکر لاحق ہے۔مریم نواز نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ میاں نواز شریف ڈاکٹروں کی ہدایت پر واک کے لیے گھر سے باہر گئے۔ حکومت کارکردگی سے جان چھڑانے کیلئے ان پر تنقید کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیحات عوام کی خدمت نہیں کچھ اور ہے۔ عوام کی خدمت کریں یا کسی اور کو کرنے دیں۔خیال رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے ذریعے کورونا کی علامات کے حامل 6 لاکھ 70 ہزار 8 سو کیسز کا محتاط اندازہ لگایا گیا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے 15 مئی کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ارسال کی گئی سمری منظر عام پر آ گئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور میں سمارٹ سیمپلنگ کے دوران ٹیسٹوں میں 6 فیصد کا رزلٹ پازیٹو رہا۔رپورٹ کے مطابق پاڑیٹو کیسز کے حامل افراد میں علامات نہیں پائیں گئیں لیکن یہ انفیکشن اور لوکل ٹرانسمیشن کا ذریعہ بنے۔ ڈیٹا سے ثابت ہوتا ہے کہ لاہورکا کوئی ٹاؤن بھی کورونا سے محفوظ نہیں، 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا وائرس نے زیادہ ہدف بنایا ہے۔