راولپنڈی: (یواین پی) پاک فوج نے ایک اور بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹر طیاہ مارا گیا، یہ دو ہفتوں کے دوران تیسرا جبکہ رواں سال کے دوران آٹھواں بھارتی ڈرون ہے جسے پاک فوج نے مار گرایا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے بھارت کا ایک اور کواڈ کاپٹر مار گرایا ہے، یہ بھارتی کواڈ کاپٹر ایل او سی کے خنجر سیکٹر میں مار گرایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹر 500 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔ یہ رواں سال مار گرایا جانے والا 8 واں کواڈ کاپٹر ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے دو بھارتی کواڈ کاپٹر (ڈرون) کو مار گرایا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایک جاسوس ڈرون ایل او سی کے ساتھ رکھ چکری سیکٹر میں گرایا گیا۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس اشتعال انگیزی کے دوران بھارتی کواڈ کاپٹر جاسوسی کے لیے پاکستانی حدود میں 650 میٹر تک گھس آیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاک فوج نے ایل او سی کے سانکھ سیکٹر میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے 3 ڈرون مار گرائے تھے، اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔بعدازاں ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔علاوہ ازیں فروری میں پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ اور فضائی جھڑپ بھی ہوئی تھی جس کے کچھ روز بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر میں گرادیا گیا تھا۔قبل ازیں 6 مارچ 2018 کو ایل او سی کے مقام چری کوٹ سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا۔اکتوبر 2017 میں بھی پاک فوج نے ایل او سی کے قریب رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کرنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا۔