راولپنڈی: (یواین پی) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد کے درمیان ملاقات میں طے شدہ مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان مفاہمتی عمل کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطہ کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغان مہاجرین اور مفاہمتی عمل کے حوالے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے امور بھی غور آئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کیے گئے اقدامات کے بارے میں ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں طے شدہ مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔