اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں، کورونا کے ساتھ غربت کا بہت بڑا چیلنج ہے، ایک طبقے میں کورونا سے متعلق غلط فہمیاں ہیں، ان کو دور کرنا ہوگا، ایس او پیز پر عمل کرکے ہی پھیلاؤ کو محدود کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔جس میں ملکی سیاسی، معاشی، سلامتی، کورونا وباء کی صورتحال اور بجٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو ملک میں کووڈ19 کی موجودہ صورتحال پربریفنگ دی گئی۔ کورونا وائرس کے کیسزسے متاثرہ مریضوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ رواں ماہ مختلف ہسپتالوں میں مزید200 بیڈزکا اضافہ کردیا جائےگا۔کابینہ کو وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں کورونا کی سہولیات پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چاروں صوبوں میں 1000مزید بیڈز آکسیجن کی سہولت سے آراستہ ہوں گے۔ ایک طرف کورونا سے خطرہ ہے دوسری طرف غربت بھی بڑا چیلنج ہے۔ کورونا کی موجودہ صورتحال میں لیڈرشپ کا کردار اہم ہے۔ عوام کے ایک طبقے میں کورونا سے متعلق غلط فہمیاں موجود ہیں۔ عوام کی اس غلط فہمی کو دورکرنے کی ضرورت ہے۔ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اضطراب کے بجائے صورتحال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ حفاظتی اقدامات پرعمل پیرا ہوکر کورونا کے پھیلاؤ کو محدود کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ترغیب دی جائے۔ ایس اوپیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ مزید برآں کابینہ کو چیئرمین متروکہ وقف املاک نے ادارے کی اصلاحات پر بریفنگ دی۔