کراچی: (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے کورونا وائرس کی وبا بے قابو ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن اگر بری لگتی ہے تو عمران خان لاک ڈاؤن کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او یا ڈاکٹروں کی رائے ہی سن لیں۔ تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انھیں اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔بلاول بھٹو نے رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومتی نااہلیوں کو سامنے لانے کے لیےموثر کردار ادا کریں۔ اتنی زیادہ اموات ہونے کے باوجودعمران خان لاک ڈاؤن کی زد پر اڑے ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی وارننگ کو بھی وفاقی حکومت نے ہوا میں اڑا دیا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو علم ہی نہیں کہ این ایف سی ایوارڈ کیا ہے؟ ان کے اٹھارویں آئینی ترمیم کے خلاف بیانات دراصل 73ء کے دستور پاکستان پر حملہ ہیں۔بلاول بھٹو نے رہنماؤں سے گفتگو میں کہا کہ اگر ٹڈی دل کی وجہ سے ملک میں قحط پڑا تو وزیراعظم عمران خان اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ پارٹی رہنما عوام میں حکومتی کارکردگی سے متعلق آگاہی دیں جبکہ تمام تر معاملات پر جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائیگی۔