اسلام آباد: (یواین پی) پاکستان میں مریضوں کے صحتیاب ہونے کی رفتار سست روی کا شکار ہے جس کے باعث ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 1لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 5ہزار سے نئے کیسز روپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 68 ہزار 664 ہوگئی جب کہ مزید 136 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 294 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 3294 ہوگئی ہے جبکہ ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز ایک لاکھ 3ہزار 887 ہیں جن میں سے 111مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ آج ملک میں کورونا کے مزید 2168مریض صحتیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد تبدرست ہونے والوں کی تعداد 61 ہزار 383 ہوچکی ہے۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروسنے خبردار کیا ہے کہ کورونا وبا مزید سنگین ہو چکی ہے اور دنیا ایک خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، یہ ابھی بھی جان لیوا ہے اور مزید ہزاروں لوگ اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اب لوگ اکتاہٹ اور مایوسی کا شکار بھی ہورہے ہیں، ایسے موقع پر وائرس کا تیزی سے پھیلنا بہت زیادہ خطرناک ہے۔ گھروں میں رہ رہ کر لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، کچھ ممالک نے اس وائرس کو شکست دی مگر وہاں پر دوبارہ کیسز رپورٹ ہوئے جو بہت زیادہ تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی رہنماؤں اور عوام کو ’وائرس کے خلاف صبر اور حاضر دماغی سے لڑنا ہوگا، ہمیں وائرس کی روک تھام کے لیے بنیادی باتوں کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ ہمیں سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا، اگر بیمار ہیں تو گھر میں رہنا ہوگا، اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھانپنا ہوگا اور پابندی سے ہاتھ دھونا ہوں گے۔