لاہور(یواین پی) پب جی گیم کی لت، لاہور میں 2 نوجوانوں نے خود کشی کر لی، پنجاب پولیس کا پب جی اور دیگر آن لائن گیمز پر پابندی لگوانے کا فیصلہ، ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو خط لکھا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بدنام ہو رہی آن لائن گیم پب جی نے پاکستان میں بھی مزید 2 جانیں لے لی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں 4 روز کے دوران 2 نوجوان نے ایک ہی طرز سے خود کشی کر لی۔بتایا گیا ہے کہ دونوں نوجوان پب جی گیم کے شوقین تھے۔ لاہور کے علاقے جنوبی چھاونی سے تعلق رکھنے والے ایک 18 سالہ نوجوان جوزف نے والد کی جانب سے پب جی گیم کھیلنے سے روکنے پر خود کو پھنکے سے لٹکا کر خود کشی کر لی۔ جبکہ دوسرا واقعہ تھانہ ہنجروال کے علاقے میں پیش آیا جہاں 16 سالہ زکریا نے بھی پھنکے سے لٹک کر خود کشی کر لی۔جائے وقوعہ پر جب پولیس پہنچی تو لڑکے کی لاش کے قریب موبائل پر پب جی گیم چل رہی تھی۔بتایا گیا ہے کہ پب جی گیم میں اسلحے کا استعمال ہوتا ہے اور نوجوانوں کو شدت پسندانہ رویے کی جانب راغب کیا جاتا ہے۔ اب اسی صورتحال میں پنجاب پولیس نے پب جی اور دیگر آن لائن گیمز پر پابندی لگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا ہے کہ بعض آن لائن موبائل گیمز کے حد سے زیادہ استعمال سے نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا رجحان افسوسناک ہے، بچوں میں مقبول آن لائن گیم پب جی آئس سے زیادہ مہلک ڈیجیٹل نشہ بنتی جارہی ہے۔