اسلام آباد (یواین پی) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ 25 روپے 58 پیسے تک بڑھا دی گئی ہیں جس کے بعد ایک مرتبہ پھر پٹرول کی قیمت سنچری کراس کر گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ ماہ جولائی کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، پٹرول کی قیمت میں 25روپے 58پیسے فی لٹر اضافے کے بعد 100 روپے 10 پیسے ہو گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 21 روپے 31 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 101روپے 46 پیسے ہو گئی ہے۔ مٹی کا تیل بھی 23روپے 50 پیسے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 59روپے 6 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔دوسری طرف لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 55 روپے 98 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔عام طور پر پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نفاذ ہر ماہ کی پہلی تاریخ سے ہوتا ہے تاہم نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہی کردیا گیا۔