اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جو مرضی کرلیں، میرے سوا کوئی چوائس نہیں، روز صبح خبرملتی ہے آج جا رہا ہوں، کل جا رہا ہوں، اگر ان سے سمجھوتہ کرلوں تو 5سال بڑی آسانی کے ساتھ پورے کرسکتا ہوں۔ وہ آج وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ کے موقع پر حکومتی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے خطاب کررہے تھے۔ عشائیے میں وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کے تحفظات اور مسائل سنے۔وزیراعظم نے تمام حکومتی و اتحادی اراکین کو بجٹ سے متعلق بریفنگ دی۔ معاشی اہداف اورمشکلات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ منظوری کیلئے تمام اراکین اسمبلی کل ایوان میں موجود ہوں۔ اجلاس میں وزیراعظم نے بجٹ منظوری کیلئے گائیڈ لائنز دیں اورعشائیہ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلوں گا،بجٹ منظوری کے بعد اتحادیوں کے معاہدوں پر عملدرآمد ہوگا، وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے نظریے سے ہٹ کر تباہ ہوگئی۔