کراچی (یواین پی) شہر قائد میں میں ڈرائیونگ کے دوران ٹک ٹاک ویڈیو کے جنون نے ایک نوجوان کی جان لے لی، نوجوان ایڈونچر سے بھرپور ویڈیو بنا رہا تھا کہ گاڑی درخت سے ٹکرا گئی، گاڑی میں سوار مزید 2 افراد شدید زخمی بھی ہوگئے۔ کراچی کورنگی پولیس کے مطابق کورنگی میں تیز رفتار گاڑی درخت سے ٹکرا گئی۔ جس میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع پر تینوں نوجوانوں کو فوری کورنگی انڈس ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں پر ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ کورنگی میں تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے نوجوان ایڈونچر سے بھرپور ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا کہ گاڑی غلط سمت کی جانب مڑ گئی اور درخت سے جا ٹکرائی۔ جس کے نتیجے میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے جوان کی موت واقع ہوگئی ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت احسن اور ایاز کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ فراز نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ واضح رہے گزشتہ اتوار کو بھی کراچی میں ٹک ٹاک کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی تھی، سچل گوٹھ میں17 سالہ تنویر ویڈیو بناتے ہوئے گولی چل گئی اور نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے زندگی ہار بیٹھا۔ لڑکا ایڈونچر سے بھرپور ویڈیو بنانا چاہتا تھا، لیکن ایڈونچر کے چکر میں لڑکے نے خود کو ہی گولی مار لی تھی۔