لاہور(یواین پی) وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی خوش قسمتی ہے، عسکری سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، جبکہ اپوزیشن اسمبلی میں صرف ڈیسک بجائے گی، حکومت ناکام نہیں ہوئی، عوام کو ابھی بھی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس 26 فروری کو پاکستان میں آیا، جب کہ ہم نے 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کیا، جنرل باجوہ نے 31مارچ کو این سی اوسی ہیڈکوارٹر بنایا۔عمران خان لاک ڈاؤن کی مکمل پالیسی کے خلاف تھے۔اعجاز شاہ نے کہاکہ میں حکومت کے بارے میں ناکام کا لفظ استعمال نہیں کروں گا۔عوام کو ابھی بھی حکومت سے امید ہے، حکومت کے ابھی تین سال باقی ہیں۔لوگ ہم سے توقعات رکھتے ہیں۔پی ٹی آئی حکومت کو صرف دو سال ہوئے ہیں۔ٹیکس کا ہدف کورونا کے تین مہینوں میں ایک ہزار ارب مزید کم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیڈر ہمیشہ بحرانوں میں مواقع ڈھونڈتا ہے۔عمران خان ایسا ہی لیڈر ہے جو مواقع تلاش کرنے والا ہے۔پی ٹی آئی حکومت میں 25سال بعد آئی ہے اب اس کا کیا قصورہے۔عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھ کر پائے نہیں کھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اپوزیشن صرف اسمبلی میں ڈیسک بجاتی ہے۔ عسکری قیادت اور حکومت ایک پیج پر ہے۔ملک میں ساری طاقتوں کا ایک پیج پر ہونا خوش قسمتی ہے۔