بہاولپور(یواین پی)پیپلز پارٹی حکمرانوں کی ہر عوام دشمن سازش کو ناکام بنائے گی۔لیگی ٹولہ اپنے کاروباری حلیفوں کی مدد سے عوامی وسائل ہڑپ کرنے کے چکر میں ہے۔۔ محمدسلیم بھٹی سیکریٹری انفارمیشن پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بہاولپور و چیئرمین ڈسٹرکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی نے ان خیالات کا اظہارپیپلز یونٹی (سی بی اے ) کے عہدیداران ندیم ڈوگر اور عبدالغفار کے ہمراہ میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔سلیم بھٹی نے کہا کہ حکمران اپنی منشاء کے لوگوں کو نوازنے کی خاطر پاکستان کے عوامی ادارے اونے پونے داموں ہڑپ کرنے کے لئے خواہاں ہیں۔پی آئی اے،واپڈا،کے پی ٹی،سول ایوی ایشن سمیت بے شمار ادارے ملک کے لئے منافع کمارہے ہیں ایک آدھ ادارے کے نقصان کو جواز بنا کر ملکی معیشت کو داؤ پر لگانے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے۔ن لیگ عوام دشمن سامراجی حاشیہ بردار جماعت ہے جو کبھی بھی برسر اقتدارکر مزدور،کسان ،عوام دشمن اقدامات کے ذریئے عوامی استحصال کرتی ہے۔قومی اداروں کے ورکرز تنہا نہیں پیپلز پارٹی ہر محاذ پر مزدوروں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔سلیم بھٹی نے کہا کہ پیپلز یونٹی کو کارکنوں نے 2015 ء تک منتخب کیا ہوا ہے لیکن ایئر لیگ حکمرانوں کی شہہ پر غنڈہ گردیاں کررہی ہے اور مزدور دشمن پالیسیوں کے باوجود حکومت کی حاشیہ بردار بنی ہوئی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ،سلیم بھٹی نے ڈالر کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قیمت گرا کر پاکستانی کرنسی کو مزید برباد کرنے کے درپے ہیں۔ڈالر کی قیمت میں کمی کسی معاشی استحکام کی بجائے قرض کے زور پر قومی اقتصادی ومعاشی استحکام کو خراب کرے گی ۔اگر ڈالر کی قیمت میں کمی حقیقی معنوں میں ہوتی تو پٹرول ،ڈیزل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی آتی۔سوئی گیس اور بجلی کی قیمت بھی کم ہوتی لیکن حکمران غریب عوام کو بھی 14سے 16 روپے فی یونٹ بجلی فروخت کررہی ہے جس سے غریب عوام کا سانس لینا بھی دوبھر ہوگیا ہے ۔ابھی سردی کا موسم ہے غریب عوام گرمیوں میں کہاں جائیں گے۔مہنگائی کے باوجود بجلی کی 16 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ معمول بن گیا ہے۔