کراچی (یواین پی)نالہ اور گڑ ابلنے سے سڑکیں، انڈر پاسز اور رہائشی علاقے تالاب بن گئے۔ ٹریفک جام سے لاکھوں افراد متاثر، گاڑیاں خراب ہونے سے سینکڑوں شہری خوار اور مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔تفصیل کے مطابق شہر قائد میں مون سون کی پہلی برسات ہوتے ہی سندھ سرکار کا رین ایمرجنسی پلان فلاپ ہو گیا ہے۔ باران رحمت شہریوں کیلئے حکومتی نااہلی کے باعث پھر زحمت بن گئی۔ہزاروں ٹن کچرے کے ڈھیر لگنے کے باعث متعدد مقامات پر نالے ابل پڑے۔ نکاسی آب کے مسائل کے باعث شاہراہ فیصل سمیت دیگر سڑکیں اور انڈر پاسز ڈوب گئے۔ ٹریفک جام اور گاڑیوں خراب ہونے کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات درپیش رہی۔صفائی کے عمل میں تاخیر کے باعث مختلف مقامات پر نالہ ابلنے سے رہائشی علاقوں میں بھی گندا پانی جمع ہوگیا۔ پی ای سی ایچ ایس بلاک سکس اور محمود آباد گوٹھ کے سنگم پر واقع اوور ہیڈ ریلوے ٹریفک کے نیچے کئی فٹ پانی جمع ہونے سے گزرگاہ بند ہو گئی۔