اسلام آباد: (یواین پی) اطلاعات ونشریات کے وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کورونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے برطانوی حکومت کی کوششوں کو سراہتا ہے۔وفاقی وزیر نے برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر تعزیت کرتے ہوئے برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان نے عوام کو کوروناوائرس سے محفوظ رکھنے اوران کی معاشی مشکلات پر قابو پانے کے لئے متوازن حکمت عملی اختیار کی ہے انہوں نے کہاکہ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔