سرینگر: (یواین پی) دنیا بھر میں اور کنٹرول لائن کے دونوں اطراف مقیم کشمیری آج13 جولائی 1931ء کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پیر کو یوم شہدا منائیں گے۔مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے 13 جولائی 1931ء کو عبدالقدیر کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران سرینگر میں سینٹرل جیل کے باہر 22 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔ عبدالقدیر نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکومت کے خلاف متحد ہونے کا کہا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ آج13 جولائی 1931ء کو نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان شروع کی لیکن مہاراجا کے سپاہیوں نے اس کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ تاہم اذان کی تکمیل تک بائیس نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا۔