راولپنڈی (یواین پی) عاصمہ بی بی نے دھوکہ دہی سے خود کو مرد ظاہر کرکے اپنی دوست نیہا نامی لڑکی سے شادی کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے دونوں کو 15 جولائی کو طلب کرلیا۔عاصمہ بی بی نے نادرا میں اپنا شناختی کارڈ تبدیل کرایا اور اپنا نام آکاش رکھ لیا۔ بعد میں اس نے خود کو لڑکا ظاہر کرکے نیہا نامی لڑکی سے عدالت میں شادی کرلی۔ دونوں لڑکیاں ٹیکسلا کی رہائشی ہیں۔ نیہا کے والد کو جب اس بارے میں پتا چلا تو اس نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کردی۔وکیل امجد جنجوعہ کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیوں کے نکاح کی رجسٹریشن کنونمنٹ بورڈ وارڈ 10 میں ہوئی، عاصمہ عرف آکاش علی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی جنس تبدیل کرائی ہے لیکن پاکستان میں جنس کی تبدیلی ناممکن ہے جبکہ یہ غیر شرعی کام ہے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے نیہا کے والد کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں لڑکیوں کو 15 جولائی کو طلب کرلیا۔