اسلام آباد (یواین پی) صدر مملکت عارف علوی نے ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ پروجیکٹ لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معیشت، تعلیم اور سرمایہ کاری کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں، بازاروں اور عید نماز کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے کورونا کے پھیلائوکو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے، کورونا کا پھیلائوروکنے کیلئے میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا، کورونا کا پھیلائوروکنے کے لئے سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی اپنائی گئی، ہماری سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کو دنیا نے بھی اپنایا۔صدر مملکت نے کہاکہ حکومت عمرانی معاہدے پر عملدرآمد کرے تو قوم تشکیل پاتی ہے، طبی اور معاشی محاذوں پر بیک وقت لڑ رہے ہیں۔صدرمملکت نے کہاکہ میڈیا کا فرض ہے کہ وہ مسائل کی نشاندہی کرے، جن علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ نہیں وہاں ٹیلی وڑن کے ذریعے تعلیم کا سلسلہ برقرار رکھا۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہا ہے، مستقبل میں بہت سے امور کی انجام دہی انٹرنیٹ کے توسط سے مزید آسان ہو جائے گی۔صدر مملکت نے کہاکہ ناگزیر ہے کہ ہر شخص تعلیم حاصل کرے۔