کینبرا (یواین پی) آسٹریلیا میں جون کے مہینے میں کورونا وائرس لاک ڈائون کے بعد معاشی سرگرمیاں بحال ہوئیں اور بڑی تعداد میں بے روزگار لوگوں کو روزگار ملا، لیکن اس کے باوجود آسٹریلیا میں بے روزگار افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو جاری ہونے والے سرکاری ڈیٹا میں پایا گیا کہ اپریل اور مئی کے مقابلے میں جون میں مزید دو لاکھ 18 ہزار لوگوں کو ملازمتیں ملیں جو کہ روئٹرز کے ایک سروے کی پیشگوئی سے ایک لاکھ 12 ہزار زیادہ ہے۔تاہم بے روزگاری کی شرح بھی 22 سال کی بلند ترین سطح یعنی 7.4 فیصد پر رہی کیونکہ ملازمتوں کی تعداد اتنی زیادہ نہیں تھی کہ تمام بے روزگار لوگوں کو روزگار فراہم ہو سکے۔آسٹریلیا میں جون میں بے روزگار افراد کی تعداد میں 69 ہزار 300 کا اضافہ ہوا اور اب یہاں نو لاکھ 92 ہزار 300 افراد بے روزگار ہیں۔یہ تعداد 2008 کے عالمی مالیاتی بحران میں بے روزگاری سے تقریبا ایک تہائی زیادہ ہے۔