لاہور: (یواین پی) پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے ناسور کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں ممبران اسمبلی سے ملاقات کی ہے۔ وزیراعطم پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر برس پڑے۔ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نچلی سطح پر کرپشن ختم ابھی تک نہ ہو سکی، ادارے کیا کر رہے ہیں۔ صوبے میں کرپشن ختم کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ کرپشن سے متعلق مجھے میانوالی ،لاہور اور دیگر اضلاع سے بہت کچھ پتا چلا ہے۔ملاقات کے دوران ایم این اے ریاض فتیانہ نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی جو علاقے بجلی سے محروم ہیں وہاں بجلی مہیا کی جائے۔