بیروت(یواین پی) گزشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے میں اب تک 113 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ مرنے والوں میں ایک پاکستانی نوجوان بھی شامل ہے۔لبنان میں تعینات پاکستان کے سفیر نے بتایا ہے کہ جاں بحق نوجوان کے والد اور بہن بھی دھماکے میں زخمی ہوئے اور اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی والدہ اور دادی بھی زخمی ہیں۔ یہ بدقسمت پاکستانی خاندان بیروت بندرگاہ کے قریب رہائش پذیر تھا۔ سفارتخانہ پاکستان کے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ادھر لبنان کے وزیر صحت نے بتایا ہے کہ دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 113 تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد4 ہزار کے قریب ہے۔