اوکاڑہ (یو این پی) یونیورسٹی کے شعبہ ٹوارزم اور شعبہ معاشیات نے تحقیق کے جدید رجحانات کے موضوع پہ ایک آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا جس میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے سو سے زائد شرکاء نے تحقیق کےطریقہ ہائے کار، افادیت اور پیشہ ورانہ زندگی میں اس کے کامیاب استعمال پہ بحث کی۔ سیمینار کی صدارات شعبہ ٹوارزم اور اکنامکس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق احمد نے کی جب کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر اس کے سرپرست اعلی تھے۔سیمینار کے مقاصد بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے بتایا کہ اس سیمینار کا مقصد ایک آزادانہ اور پیشہ وارانہ ماحول میں آن لائن سسٹم کے ذریعے تحقیق کے نت نئے رجحانات کو زیر بحث لانا اور شرکاء کو اس بات کی ترغیب دینا ہے کہ وہ پاکستان کو درپیش مختلف معاشرتی اور معاشی مسائل کو حل کرنے کے لیے جدید تحقیق کو سیکھیں اور عملی زندگی میں اس سے استفادہ حاصل کریں۔سیمینار کے شرکاء ،جن میں اساتذہ، طلباء اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے پیشہ وارانہ افراد موجود تھے، نے تحقیق کی اہمیت اور اثریت کو ودسیع پیمانے تک پھیلانے کی راہ میں درپیش مسائل اور ان کے حل کے متعلق اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔