اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نیقوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی بابائے قوم کے وژن پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی تجدید کا دن ہے‘ یوم آزادی اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو مشعل راہ بنانے کے عزم کے تجدید کا دن ہے‘ پاکستان نے گزشتہ سات دہائیوں سے لچک کے ساتھ متعدد داخلی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کیا‘ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ہر مشکل کا ولولے، عزم اور استقامت کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا‘ یوم آزادی مناتے وقت پوری قوم مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی فوجی محاصرے پر بہت رنجیدہ ہے جو گزشتہ ایک سال سے بھارتی فوجی محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہگزشتہ سات دہائیوں سے پاکستان نے لچک کے ساتھ متعدد داخلی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے‘ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ کہ اتحاد‘ ایمان اور نظم و ضبط کی مشعل راہ پر چلتے ہوئے ہر چیلنج کا مقابلہ کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک نے بہت سے محاذوں پر مشکلات کا مقابلہ کیا ہے‘ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی دشمنی سے لیکراس کے مذموم ارادوں‘ دہشت گردی کی لعنت اور قدرتی آفات سے نمٹنے سے لیکر وبائی امراض تک ہماری قوم نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا یوم آزادی مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت ملک کو ایک ایسا نظام حکمرانی دینے کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کی عکاسی کرتا ہو۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں قانون کی حکمرانی و بالادستی پر مبنی نظام چاہتے ہیں‘ ریاست مدینہ کے سنہری اصول ہمارا رول ماڈل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی مناتے وقت پوری قوم کی دل مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی فوجی محاصرے پر بہت رنجیدہ ہے جو گزشتہ ایک سال سے بھارتی فوج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پوری قوم کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔