کراچی: (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے شہر قائد کی عوام سے جو وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا۔ہم کراچی کو حقوق دلوائیں گے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پیپلز سکوائر انڈر گراونڈ پارکنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ 10 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے، پیپلز اسکوائر منصوبے کے لیے ورلڈ بینک سے قرضہ حاصل کیا گیا، مزید کئی منصوبوں پر 30 ستمبر سے کام شروع ہوجائے گا۔بلاول بھٹو نے منصوبے کے حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی، یہ منصوبہ عوام کی تفریح کا بہترین منصوبہ ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ صوبوں کو وسائل کی شدید کمی کا سامنا ہے، 18 ویں ترمیم کے باوجود صوبوں کو حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور این ایف سی ایوارڈ میں بھی سندھ کو اس جائز حق نہیں دیا گیا۔ جائز مطالبات کے لیے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام ہمارا ساتھ دیں گے تو ہم انقلاب بھی لیکر آئیں گے۔ پاکستان کو ہم ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ پیسے کا انتظام کرنا ہمارا کام ہے۔ ہم اس شہر کو اس کا حق دلوائیں گے۔