سیالکوٹ (یواین پی) ضلع سیالکوٹ میں تین روز ہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، 8اگست تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ کے 6لاکھ70ہزار290پانچ سے سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ، صوبائی وزیر خصوصی تعلیم پنجاب چودھری محمداخلاق، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر ، رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ڈار اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کریم بخش نے محکمہ صحت کے مقامی حکام کے ہمراہ ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا اور اس دوران بچوں کو اپنے ہاتھوں سے پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیالکوٹ ڈاکٹر افضل بھلی نے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ کی 92مختلف یونین کونسلز میں قائم خانہ بدوشوں اور افغانیوں کی 1206کچی آبادیوں ، جونپڑ بستیوں اور بھٹہ خشت پر رہائش پذیر7448بچوں کو مہم سے ایک روز ہی حفاظتی قطرے پلادیئے گئے۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود شبیر نے کہاکہ اس قومی مہم کو ضلع سیالکوٹ کی سطح پر کامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کی 1120موبائل ٹیمیں گھرگھر جاکر، 132فکسڈ ٹیمیں دیہی و بنیادی مراکز صحت اور ہسپتالوںمیں جبکہ 68رومنگ اور ٹرانزٹ ٹیمیں ریلوے اسٹیشن، لاری اڈوں، بس اسٹاپس اور اہم چوکوں اور چوراہوں میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔ اس سلسلہ میں ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122کے رضا کار سمیت متعلقہ محکموں کے ملازمین اور غیر سرکاری تنظیم کے نمائندگان تعاون کررہے ہیں۔ ڈی سی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ورکرز سے تعاون کریں۔