حیدر آباد،6 سالہ ملائیکہ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق

Published on August 16, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 157)      No Comments

حیدرآباد(رپورٹ * یو این پی /جنید علی گوندل) متعلقہ اداروں کی مجرمانہ لاپرواہی نے ایک اور معصوم کی جان لے لی، پریٹ آباد مہاجر مسجد کے قریب 6 سالہ ملائیکہ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئی، اس سے قبل بھی اسی قسم کے واقعات میں معصوم بچے بچیاں موت کے منہ میں جا چکے ہیں لیکن عوامی خدمت کے دعویدار متعلقہ اداروں اور منتخب نمائندوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگتی پنیاری تھانہ کی حدود پریٹ آباد میں مہاجر مسجد چوک کے قریب یوسی 12 میں رہنے والی 6 سالہ معصوم ملائیکہ بنت نعیم قریشی ہفتے کو رات میں چیز لینے کے لئے گھر سے نکلی تھی کہ گلی میں کھلے گٹر میں گر گئی، واقعہ کے بعد اہل محلہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی جبکہ بچی کے گھر بھی اطلاع دی گئی، کوشش کےباوجود بچی کو بروقت گٹر سے نہیں نکالا جا سکا جس کے باعث گندا پانی اس کے پیٹ میں بھر گیا، بعدازاں بچی کو نکال کر سول ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی، معصوم ملائیکہ کے اچانک انتقال کی خبر اس کے خاندان پر بجلی بن کر گری گھر میں کہرام مچ گیا اور صف ماتم بچھ گئی یاد رہے کہ یہ علاقہ یوسی 12 میں آتا ہے اور یہاں سے چیئرمین ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے یعقوب شیخ اور کونسلر ذاکر قریشی ہیں جو اسی گلی میں رہتے ہیں جس میں معصوم ملائیکہ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوئی اس سے قبل بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بچے بچیاں کھلے گٹروں میں گر کر اپنی قیمتی جانیں گنوا چکے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، ایچ ڈی اے اور ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی و یوسی چیئرمین و وائس چیئرمینوں کے سر پر جوں تک نہیں رینگتی۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme