کراچی(یو این پی)ملک کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں 13 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایشیائی انفرا اسٹریکچر انویسٹمنٹ بینک سے 24کروڑ ڈالرز سے زائد موصول ہونے کے بعد گزشتہ ہفتے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں13کروڑ72لاکھ ڈالرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مرکزی بینک نے 15کروڑ ڈالرز سے زائد کی بیرونی ادائیگیاں بھی کیں۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق13 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے پر زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 19 ارب 65 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز کی سطح پر رہے۔اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر 13 کروڑ ڈالرز کے زائد اضافے سے 12 ارب 60 کروڑ 86 لاکھ ڈالرز اور کمرشل بینکوں کے ذخائر 19 لاکھ ڈالر کمی سے 7 ارب4 کروڑ 71 لاکھ ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کئے گئے۔